ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / پولیس تصادم میں مشیراور ابراہیم نامی2 بدمعاش جاں بحق، 3 پولیس بھی مجروح 

پولیس تصادم میں مشیراور ابراہیم نامی2 بدمعاش جاں بحق، 3 پولیس بھی مجروح 

Sun, 08 Jul 2018 01:01:09    S.O. News Service

 بارہ بنکی:7جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش کے بارہ بنکی ضلع کے رام نگر تھانہ حلقہ میں صبح پولیس اور بدمعاشوں کے درمیان ہوئے تصادم میں دو بدنام انعامی بدمعاش مارے گئے.۔ اس دوران تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے جن کا ہسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ وی پی شریواستو نے بتایا کہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر ٹکیت نگر اور رام نگر تھانہ کی پولیس نے دونوں انعامی بدمعاشوں کا محاصرہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں بدمعاشوں نے اپنے آپ کو چاروں طرف سے گھرا ہوا دیکھ کر جان بچانے کے لئے پولیس پر حملہ کیا۔ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے گولیاں چلائیں جس میں دونوں بدمعاش مارے گئے۔انہوں نے بتایا کہ تصادم میں مارے گئے بدمعاشوں میں اناؤ کے مشیر اور کانپور شہر کا ابراہیم شامل ہیں اور ان دونوں پر تقریبا 17 مقدمے درج تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں بدمعاشوں پر پچاس پچاس ہزار روپے کا انعام کا اعلان تھا۔ پولیس نے دونوں کے پاس سے پستول اور اسلحے بھی برآمد کئے ہیں۔ اس تصادم میں ٹکیت نگر تھانہ انچارج اوررام نگر کے ایس ایس آئی کے ساتھ ساتھ ایک سپاہی بھی زخمی ہوا ہے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ شریواستو نے بتایا کہ ہلاک بدمعاشوں کی تلاش میں ان کی جیب سے آدھار کارڈ اور کچھ کاغذات ملے جس کی جانچ پر پتہ چلا کہ یہ دونوں بویریا اور چیمار گینگ سے تعلق رکھتے تھے اور ان پر قریب 17 مقدمے بھی چل رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ تصادم میں ٹکیت نگر کے تھانہ انچارج کرشن کمار مشرا، ایس ایس آئی رام نگر انوراگ اپادھیائے گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی رام نگر تھانے کا ایک سپاہی رام کرشن مشرا بھی معمولی طور پر زخمی ہوا ہے۔


Share: